اقوام متحدہ کے ایلچی نے سوڈان میں سمجھوتے کی تفصیلات ظاہر کر دیں

0
205

خرطوم (این این آئی )سوڈان کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی فوکر پیرٹس نے کہا ہے کہ سوڈانی فریقوں کے بیچ معاہدے کے لیے پیش کردہ تجاویز میں وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کی واپسی، گرفتار شدگان کی رہائی، ٹیکنوکریٹس کی حکومت کی تشکیل، آئین میں ترامیم کیا جانا اور ایمرجنسی ختم کرنا شامل ہے۔غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق اپنے بیان میں پیرٹس نے زور دیا کہ سوڈان میں بحران کے خاتمے کے لیے چند روز کے اندر ایک معاہدے تک پہنچنا ضروری ہے۔ادھر سوڈانی سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا کہ سوڈان کی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے سابقہ حکومت کے 4 وزرا کی رہائی کا فیصلہ کیا ۔ ان میں وزیر مواصلات ہاشم حسب الرسول، وزیر ثقافت و اطلاعات حمزہ بلول، وزیر تجارت علی جدو اور نوجوانوں اور کھیلوں کے وزیر یوسف آدم شامل ہیں۔عرب ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران میں خود مختار کونسل کا اعلان کیا جائے گا۔ کونسل 14 نشستوں پر مشتمل ہو گی جن میں 5 عسکری اور 6 شہری نمائندوں کے علاوہ آرمڈ اسٹرگل موومنٹ کے 3 نمائندے ہوں گے۔