بار ایسوسی ایشنز کی سیاست آزادانہ ہونی چاہیے، حکومت اور سیاسی جماعتوں کی اس میں کوئی مداخلت نہ ہو، فواد چوہدری

0
218

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشنز کی سیاست آزادانہ ہونی چاہیے، حکومت اور سیاسی جماعتوں کی اس میں کوئی مداخلت نہ ہو، بار ایسوسی ایشن زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں،وکلاء برادری کے مسائل سے آگاہ ہیں، وکلاء کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ وکلاء جمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں وکلا کا روشن کردار تاریخ کا حصہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بار ایسوسی ایشنز کی سیاست آزادانہ ہونی چاہئے، حکومت اور سیاسی جماعتوں کی اس میں کوئی مداخلت نہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ دور ڈیجیٹل ہے، لیگل سسٹم کی مضبوطی کے لئے ریفارمز ضروری ہیں، ملکی مفاد بار ایسوسی ایشنز سمیت ہم سب کے لئے مقدم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت بار ایسوسی ایشنز کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں اور پرعزم ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم ہر سطح پر وکلاء کے ساتھ کھڑے ہیں، آئین و قانون کی سربلندی کیلئے وکلاء کی گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بار ایسوسی ایشن زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہاکہ بار ایسوسی ایشن کی ایک ایسی باڈی ہونی چاہیے جو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججوں کے فیصلوں کا موازنہ کرے۔ انہوںنے کہاکہ وکلاء برادری کے مسائل سے آگاہ ہیں، وکلاء کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔تقریب میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر چوہدری محمد احسن بھون، نائب صدر (پنجاب) خاور اکرام بھٹی، سیکریٹری وسیم ممتاز ملک، چوہدری ریاست علی گوندل ایڈیشنل سیکریٹری، سینیٹر علی ظفر، پاکستان بار کونسل کے عہدیداران طاہر نصراللہ وڑائچ، حفیظ الرحمان چوہدری، سابق سیکریٹریز سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، رانا شہزاد صفدر حسین تارڑ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان وڑائچ، نائب صدر (سندھ) عزیز احمد خان، اراکن ایگزیکٹو کمیٹی (سندھ) جان علی جونیجو، ذوالفقار حیدر شاہ، اراکین ایگزیکٹو کمیٹی (پنجاب) رانا اختر علی، چوہدری طارق جاوید اور اوورسیز پاکستانیز فورم کے چیئرمین محمد ساجد تارڑ نے شرکت کی۔