اسلام آباد(این این آئی)صدر عارف علوی نے وفاقی بینکنگ محتسب کے پرائیویٹ بینک کو متاثرہ شہری کو 8 لاکھ روپے کی رقم واپس کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے فراڈ سے متاثرہ شہری کو 8 لاکھ روپے کی گمشدہ رقم واپس کرنے کا حکم برقرار رکھا ،صدر مملکت نے وفاقی بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف سونیری بینک کی اپیل مسترد کر دی۔ صدر مملکت نے کہاکہ بینک کی جانب سے بد انتظامی اور بے ضابطگی ثابت ہوتی ہے، بینک انتطامیہ کی جانب سے شہری کو فراڈ کا نشانہ بنایا گیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ قانون کے تحت بد انتظامی پر بینک شہری کو رقم واپس کرنے کا پابند ہے، شیخو پورہ کیمتاثرہ شہری نے سونیری بینک میں 20 لاکھ کی رقم جمع کروائی تھی۔ اعلامیہ کے مطابق متاثرہ شہری کے پاس 20 لاکھ روپے بینک میں جمع کرانے کی رسیدیں موجود تھی،بینک منیجر نے 20 لاکھ کی ایک رسید دینے کی بجائے 5, 6 اور 9 لاکھ کی تین الگ الگ رسیدیں دینے پر اصرار کیا،رقم واپس نکلواتے وقت متاثرہ شہری کے اکاؤنٹ میں پوری رقم موجود نہیں تھی،رسیدیں ہونے کے باوجود بینک کی جانب سے شہری کو رقم واپس نہیں کی جارہی تھی،رسیدوں پر بینک کی مہر اور سابقہ منیجر کے دستخط بھی موجود تھے،رقم واپس نہ ملنے پر شہری نے وفاقی بینکنگ محتسب سے رجوع کیا تھا،وفاقی بینکنگ محتسب نے فراڈ ثابت ہونے پر سو نیری بینک کو رقم واپس کرنے کا حکم دیا تھا،صدر مملکت نے وفاقی بینکنگ محتسب کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ فیصلے کے مطابق قانون کے تحت بینکنگ محتسب بینکوں کی بد انتظامی، بے ضابطگیوں اور حکام کی بد عنوانی میں تفتیش کرنے اور حکم جاری کرنے کا مجاز ہے۔