نوجوانوں کو سپورٹ کیا جائے تو ملک و قوم کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ‘ مریم نوازشریف

0
72

لاہور( این این آئی)وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے حضوری باغ میں یوم آزادی کی تقریب سے خصوصی یادگار خطاب کیا اور یوم آزادی پاکستان کی تقریب میں موجود سفارتکار کمیونٹی کی آمد پردل سے شکریہ ادا کیا اوران کا خیر مقدم کیا۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں موجود ہر فرد اور پاکستان کے ہر شہری کو پاکستان کی 77ویں سالگرہ کی دل کی گہرایوں سے مبارکباد دیتی ہوں۔ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتی ہوں کہ ہمیں آزادی جیسی نعمت سے نوازا، اللہ تعالی نے ہمیں پاکستان جیسی نعمت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان 77 ویں سالگرہ منارہا ہے، اللہ تعالی پاکستان کوسدا قائم و دائم اور آباد وشاد رکھے۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ میں بچوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ ملک کی باگ دوڑ آپ اور آنے والی نسل کے ہاتھ میں ہوگی۔ جیسے بچوں نے کہا کہ ہم زندہ قوم ہیں پائندہ قوم ہیں، انشا اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے گا۔ آج جہاں ہم خوش ہیں،اللہ تعالی کا شکر ادا کررہے ہیں کہ ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ میں نوجوانوں،افسران، سیاستدانوں، میڈیا پرسنزاور دیگر شہریوں سے سوال کرنا چاہتی ہوں، اس سوال پر آپ نے ضرور سوچنا ہے کہ ہم پائندہ قوم ہیں، کیا ہم ہی زندہ قوم ہیں؟۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ کل میں میاں چنوں میں اولمپیئن ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے گئی۔ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل دینے کی تقریب میں کئی دہائیوں کے بعدپاکستان کا جھنڈا دیگر جھنڈوں سے بلند ہورہا تھا اور پھر ہمارا جھنڈا سب سے بلند ہوگیا۔ جب پیرس کے سٹیڈیم میں دنیا کے سامنے ہمارا قومی ترانہ گونج رہا تھا وہ بہت فخر کا لمحہ تھا۔ نوجوانوں سے کہتی ہوں کہ پیرس سٹیڈیم جیسے لمحات شاذونادر یا دہائیوں کے بعد نہیں آنے چاہیے بلکہ ایسے لمحات ہمارا معمول ہونا چاہیے۔ پیرس سٹیڈیم جیسے لمحات روزانہ آنے چاہیے کیونکہ ہمارے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ ہم نے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کا مکمل فائدہ نہیں اٹھایا۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ دل پر ہاتھ رکھ کر کہتی ہوں کہ چاہے سپیشل بچے ہوں یا دیگر نوجوان اگر ان کو سپورٹ کیا جائے تو اس قوم کو اس ملک کو ترقی کرنے سے دنیا بھی نہیں روک سکتی۔ جو جھنڈے بچوں نے اٹھائے ہوئے ہیں اس جھنڈے میں سبز اور سفید رنگ ہے، سفید رنگ اقلیتوں کی علامت کو ظاہر کرتا ہے۔ تمام پاکستانیوں کو کہنا چاہوں گی کہ جتنا یہ وطن ہمارا ہے اتنا ہی یہاں بسنے والی اقلیتی برادری کا ہے۔ اقلیتی برادری کے لئے اپنے دل اور دماغ کے دروازے کھولیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی تفریق نہیں ہے، ہم سب پاکستانی ہیں۔ نوجوان بچوں کو ایمان، اتحاد، یگانگت کی مثال قائم کرنی ہے۔ جہاں اقلیتی برادری سے زیادتی ہوں، جہاں ان کو تکلیف دی جاتی ہے وہاں ہم سب کا ایکشن لینا بہت ضروری ہے۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے تمام سیاستدانوں جنہوں میں ملک کی ترقی میں حصہ ڈالا ہے خصوصا نوازشریف صاحب جنہوں نے اس ملک کو ہمیشہ کے لئے ایٹمی قوت بنایا، ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ افواج پاکستان، پولیس، سیکورٹی فورسز،بیوروکریسی یا کسی بھی فیلڈکے ہر اس فرد کوجس نے ملکی ترقی کے لئے کام کیا،سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم ایک آزاد سانس لے رہے ہیں،آزادی کی قیمت فلسطین کے مظلوم شہریوں سے پوچھیں، ہم ان کی آزادی کے لئے دعا گو ہیں۔ آزادی کی قدر آزاد ملک میں سانس لیکر فلسطین پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دیکھ کر محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر روز اللہ تعالی کے سامنے سربسجود ہونا چاہیے کہ اللہ تعالی نے ہمیں آزادی جیسی نعمت عطا فرمائی،جو دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ ہر زندہ اور جیتی جاگتی قوم اپنا احتساب کرتی ہے، ہمیں انفرادی اور بطور قوم اپنا احتساب کرنا ہے کہ ان 77سالوں میں ہماری کامیابی زیادہ ہیں کہ نہیں۔ جو وقت گزر گیا وہ گزر گیا، جو ہوگیا سو ہوگیا، پاکستان کو اللہ تعالی نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے، کسی چیز کی کوئی کمی نہیں رکھی۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ سیاسی استحکام ہو، فتنہ فساد نہ ہو، لڑائی جھگڑے اور گالی گلوچ نہ ہو، ایک قوم بن کے آگے بڑھے تو ہم ایک آئیڈیل ملک بن سکتے ہیں۔ کوئی نعمت ایسی نہیں جس سے اللہ تعالی نے ہمیں محروم رکھا ہو۔ اس مٹی کے تمام شہدا، افواج پاکستان، سیکورٹی فورسز اور پولیس کے شہدا جنہوں نے وطن عزیز کے لئے جانیں قربان کیں ان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ اپنی جان کی پروا کیے بغیر ہماری اورہماری اس مٹی کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ اس تقریب سے عہد کرکے رخصت ہوں کہ آئندہ جب بھی سوچیں گے تواپنے ملک کے لئے ا نفرادی نہیں بلکہ بحیثیت قوم سوچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ جو بھی قدم اٹھائیں اس ملک کی بہتری کے لئے ہونا چاہیے۔ سیاسی اختلافات سے ہٹ کرملک کے لئے یکجا ہوجائیں۔ یہ ملک قائد اعظم محمد علی جناح نے بنایا تھا، اللہ تعالی ان کو اور 1947 کے شہدا کو غریق رحمت کرے۔ جب جب ہمیں آزادی میں سانس لینا نصیب ہوتا ہے تب تب اپنے آبا اجداد کی قربانیوں کو یاد کرنا چاہیے۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ علامہ اقبال کے مزار پر سوچ رہی تھی کہ آج عہد کرکے اٹھیں کہ جو آزاد، خود مختار، ترقی یافتہ پاکستان کا خواب انہوں نے دیکھا،اللہ تعالی ہم سب کو توفیق دے کہ اس خواب کو پائے تکمیل تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک باقی رہنے کے لئے بنا ہے، ہمیں زندہ قوم کی طرح اس ملک کو آگے بڑھانا ہے۔ اللہ کرے یہ سبز ہلالی پرچم سب سے اونچا رہے۔ اللہ تعالی نے میرے نصیب میں یہ سعادت لکھی کہ پاکستان کی،پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلی کی حیثیت سے پاکستان کا جھنڈا فضا میں بلند کیا، میرے لیے بہت جذباتی لمحہ تھا۔