اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے ، چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین چیو یافوکی قیادت میں روئیی گروپ کے 9 رکنی وفد سے گفتگو کرتیہوئے کیا جنہوں جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری و نجکاری عبد العلیم خان ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور روئیی گروپ کے درمیان معاملات آگے بڑھانے کے حوالے سے اسلام آباد اور بیجنگ میں ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور چین کا روئیی گروپ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ چین پاکستان کا ایسا دوست ملک ہے جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ روئیی گروپ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ساہیوال کول پاور پلانٹ کا اولین سرمایہ کار تھا۔ وزیراعظم نے روئیی گروپ کی پاکستان کے ٹیکسٹائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کو سراہا۔ روئیی گروپ کے چیئرمین چیویافو نے کہاکہ ہم سرمایہ کار کی حیثیت سے نہیں بلکہ پاکستان کے دوست کی حیثیت سے پاکستان آئے ہیں۔ چیئرمین روئیی گروپ نے وزیراعظم کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب دور میں تیز رفتار ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پنجاب اور شہباز سپیڈ کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ بھی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں یہی رفتار دیکھنے کو ملے گی۔ اس موقع پر انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روئیی گروپ صوبہ سندھ اور صوبہ پنجاب میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا جس میں چین کی 100 کے قریب بڑی ٹیکسٹائل صنعتوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔ ان ٹیکسٹائل پارکس کا محور پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات بڑھانا اور پاکستان کو دنیا کا ٹیکسٹائل اور گارمنٹس حب بنانا ہے۔ ان ٹیکسٹائل پارکس میں شمسی توانائی کا استعمال ہو گا اور یہ زیرو کاربن اور خود کار جدید ٹیکنالوجی پر کام کریں گے۔ ان پارکس سے پہلے مرحلے میں 2 ارب امریکی ڈالر جبکہ دوسرے مرحلے میں 5 ارب امریکی ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں۔ ان ٹیکسٹائل پارکس سے 3 لاکھ سے 5 لاکھ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ان ٹیکسٹائل پارکس کا سنگ بنیاد اس سال کے آخر میں رکھا جائے گا اور یہ تین سال کی مدت کے اندر مکمل ہوں گے۔ روئیی گروپ کراچی اور لاہور میں ایک ایک ہول سیل کموڈٹی مر کز بھی قائم کرے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی میں وفاقی وزرا برائے تجارت، سرمایہ کاری و نجکاری ، صنعت و پیداوار ، سیکرٹری خارجہ ، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا نمائندہ اور ظفر الدین محمود شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم سے وفد کی ملاقات کی بعد سرمایہ کاری بورڈ اور روئیی شیڈونگ گروپ کے درمیان پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل پارکس قائم کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم نے بھی شرکت کی۔
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...