جو بائیڈن کی فتح کی تصدیق ہو جائے تو وائٹ ہائوس خالی کر دونگا، ٹرمپ

0
464

واشنگٹن(این این آئی)صدارتی الیکشن میں شکست ماننے سے انکار کر نے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کا عندیہ دیدیا۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اگر صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو باضابطہ طور پر امریکا کا اگلا صدر قراد دے دیا جاتا ہے تو میں وائٹ ہاؤس چھوڑ دوں گا۔مدت پوری ہونے پر وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے سوال پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ اگر الیکٹورل کالج ووٹوں میں شکست ہوتی ہے تو میں وائٹ ہاؤس چھوڑ دوں گا، آپ کو بھی یہ معلوم ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ جوبائیڈن کو منتخب کرتے ہیں تو وہ غلطی کریں گے۔امریکی صدر ٹرمپ نے یہ اشارہ دیا کہ شاید وہ کبھی بھی شکست تسلیم نہ کریں۔امریکی صدر نے ایک مرتبہ پھر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے شکست تسلیم کرنا اتنہائی مشکل ہو گا کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ بہت بڑا فراڈ کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ جوبائیڈن کو اس وقت صدر ٹرمپ پر واضح برتری حاصل ہے۔ اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق الیکٹورل کالج میں جو بائیڈن کے 306 ووٹوں کے مقابلے میں ٹرمپ کو صرف 232 ووٹ حاصل ہوئے ۔ تمام الیکٹرز اپنی اپنی ریاستوں میں 14 دسمبر کو جمع ہو کر صدر اور نائب صدر کا انتخاب کریں گے۔