نگراں وفاقی وزیر صحت کا ہوائی اڈوں پر ناتجربہ کار ڈاکٹروں کی تعیناتی کے معاملہ کی تحقیقات کا حکم

0
181

اسلام آباد (این این آئی)نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے مختلف ہوائی اڈوں پر نا تجربہ کار ڈاکٹروں کی تعیناتی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان وزار ت صحت کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے مختلف ہوائی اڈوں پر نا تجربہ کار ڈاکٹروں کی تعیناتی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جونیئر اور ناتجربہ کار ڈاکٹروں کو بارڈر ہیلتھ سروس پاکستان میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر ہیلتھ سروس پاکستان ایک اہم شعبہ ہے جس کے پاس کسی بھی وبا سے نمٹنے کی ذمہ داری ہے اور تمام ہوائی اڈوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر اسکریننگ کے نظام کو مضبوط بنانا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ جونیئر ڈاکٹروں کی تقرری کیسے کی گئی اور یہ بھی دیکھا جائے گا کہ آیا متعلقہ تقرری کے قواعد و ضوابط پر عمل کیا گیا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔