غزہ میں امدادآج پہنچنے کی امید ہے، بائیڈن

0
127

واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے رفح کراسنگ کھولنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ غزہ کے لیے انسانی امداد کے 20 ٹرکوں کی پہلی کھیپ کو گزرنے کی اجازت دی جا سکے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جوبائیڈن نے اسرائیل کے دورے سے واپسی کے دوران ایئر فورس ون سے عبدالفتاح السیسی کو فون کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے آغاز میں 20 امدادی ٹرک لے جانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔جوبائیڈن نے کہا کہ کراسنگ کے آس پاس کی سڑک کو مرمت کی ضرورت ہے اس لیے ممکنہ طور پر امدادی ٹرک جمعے سے پہلے روانہ نہیں کیے جاسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی مرمت کی جا رہی ہے، ان ٹرکوں کے گزرنے کے لیے وہاں موجود گڑھے بھرنے پڑیں گے، یہ ہونے والا ہے، انہیں توقع ہے کہ اس میں 8 گھنٹے لگیں گے۔امریکی صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ کی سرحد کے اطراف میں امداد تقسیم کرنے کے لیے تیار ہے، پہلے 20 ٹرک حماس کو کوئی فائدہ پہنچے بغیر امداد کی تقسیم کے نظام کا امتحان ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر حماس نے یہ امداد ضبط کر لی یا اسے گزرنے نہ دیا تو امداد کا یہ سلسلہ ختم ہو جائے گا کیونکہ اگر حماس اسے ضبط کرے گی تو ہم کوئی انسانی امداد نہیں بھیجیں گے، یہی وہ تہیہ ہے جو میں نے کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امداد کی پہلی کھیپ 20 ٹرکوں پر مشتمل ہوگی لیکن مجموعی طور پر 150 یا اس سے کچھ زیادہ ٹرک ہیں، اِن باقی ٹرکوں کو فی الحال گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حالات کو دیکھ کر اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عبدالفتاح السیسی حقیقی کریڈٹ کے مستحق ہیں، وہ بہت ملنسار ہیں۔بائیڈن نے اپنے دورے کو کامیاب قرار دیا اور اپنے اتحادی اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کا اظہار کیا، انہوں نے غزہ میں امداد کی اجازت دینے کی ضرورت کے حوالے سے دوٹوک انداز میں اسرائیلیوں پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ متاثرین کی تکلیف کو کم کرسکتے ہیں تو آپ کو یہ ضرور کرنا چاہیے، اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو آپ دنیا بھر میں ساکھ کھو دیں گے اور مجھے لگتا ہے کہ ہر کوئی یہ بات سمجھتا ہے