نوازشریف کے ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنسز میں وارنٹ معطل،ہائیکورٹ کا 24 اکتوبر تک نواز شریف کو گرفتار نہ کرنے کا حکم

0
98

اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی توشہ خانہ کیس میں وارنٹ معطلی کی درخواست منظور کرلی جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں ان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں نواز شریف کی وارنٹ معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح اور نیب پراسیکیوٹرز عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل صفائی قاضی مصباح نے جج محمد بشیر کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد مؤقف اپنایا کہ نواز شریف کی وارنٹ معطلی پر گزشتہ روز درخواست دائر کی تھی، نواز شریف کو توشہ خانہ کیس میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا، نواز شریف عدالت کے سامنے پیش ہونا چاہتے ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں، ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیں۔جج محمد بشیر نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس نیب کورٹ 3 کا معاملہ ہے، وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ 24 اکتوبر کو آپ کی عدالت میں سماعت مقرر ہے، نواز شریف عدالت پیش ہونا چاہتے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے کیس کا ریکارڈ طلب کرلیا، جج نے وکیل صفائی سے مکالمہ کیا کہ آپ کو کافی کیسز ملتے ہیں، جس پر قاضی مصباح نے کہا کہ بس مؤکل کا اعتماد ہے ہم پر۔قاضی مصباح نے کہا کہ نواز شریف نے کیوں پاکستان چھوڑا؟ تمام دستاویزات میں تحریر کردیا ہے، انڈرٹیکنگ شہباز شریف نے دی ہوئی ہے، جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت دائر کی؟ وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں وارنٹ جاری ہوئے ہیں، فیصلہ نہیں ہوا تھا، اسحق ڈار کے اسی نوعیت کے کیس میں وارنٹ معطل ہوئے تھے، 9 ستمبر 2020 کے فیصلے میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا تھا۔جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ نواز شریف کے نہ آنے کی کیا وجہ تھی؟ وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ جب نواز شریف نے پاکستان چھوڑا تو طبیعت بہت ناساز تھی، طبی رپورٹ لگی ہوئی ہے، لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست اب بھی زیر التوا ہے، صوبائی حکومت نے چیلنج نہیں کیا، نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی ساتھ منسلک کردی ہے۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف احتساب عدالت پیش ہوں گے، وارنٹ گرفتاری معطل ہونے کے بعد ملزم عدالت پیش ہوتا ہے، عدالت ملزم کی درخواست کو دیکھتے ہوئے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیتی ہے، نیب کی جانب سے نواز شریف کا کوئی وارنٹ گرفتاری نہیں، نواز شریف احتساب عدالت آکر پیش ہونا چاہتے ہیں، وارنٹ معطل کردیں تاکہ عدالت آنے کا راستہ مل جائے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نواز شریف نے دو ریلیف مانگے ہیں، نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتے ہیں، نواز شریف سرنڈر کرنا چاہتے ہیں تو وارنٹ معطل کردیں، ان کے 24 اکتوبر تک وارنٹ معطل کردیں۔وکیل صفائی نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کیس احتساب عدالت میں ٹرائل کے مرحلے پر ہے، دیگر کیسز میں اپیل کا مرحلہ ہے، ریفرنس دائر ہونے سے چار ماہ پہلے نواز شریف بیرون ملک چلے گئے تھے۔جج محمد بشیر نے کہا کہ دیگر ملزمان آصف علی زرداری کا کیا ہے؟ قاضی مصباح نے کہا کہ آصف علی زرداری وغیرہ پلیڈر کے ذریعے عدالت پیش ہو رہے ہیں، جج محمد بشیر نے کہا کہ کیا دیگر ملزمان گرفتار ہوئے ہیں؟ وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں کوئی گرفتاری تاحال نہیں ہوئی، 24 اکتوبر کو تفصیل کے ساتھ دلائل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے، عدالت پیش ہونے کی اجازت دی جائے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نواز شریف عدالت پیش ہونا چاہتے ہیں، وارنٹ کا مقصد ہی قانون کا سامنا کرنا ہے، نواز شریف پیش ہونا چاہتے ہیں تو وارنٹ معطل کردیں۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کی وارنٹ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ لیا تاہم کچھ دیر بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جج محمد بشیر نے کہا کہ عدالت کی جانب سے 24 اکتوبر تک وارنٹ گرفتاری معطل کیے جا رہے ہیں، نواز شریف 24 تاریخ تک پیش ہوجائیں، اگر 24 اکتوبر کو نواز شریف پیش نہ ہوئے تو مزید کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔نواز شریف کے وکلا امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ اور نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود، افضل قریشی اور نعیم سنگھیڑا عدالت میں پیش ہوئے