لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ادارے پی ڈی ایم نہیں حکومت کی کارکردگی سے پریشان ہیں،اپوزیشن نے آرمی چیف سے حکومت گرانے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، عوام کی طاقت سے سلیکٹڈ حکومت کوگھربھیجیں گے،ہمارا لانگ مارچ ملک بچانے کے لیے ہوگا، یکم فروری کوپی ڈی ایم کی قیادت حتمی لانگ مارچ کا اعلان کرے گی، تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے،یہ وقت ہے ہرکسی کوخوداحتسابی کرنی چاہیے،اب وقت آگیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور دیگر کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے مداخلت کے سارے دروازے بند ہونے چاہئیں، سیاست دان تو سیکھ چکے، اب اسٹیبلشمنٹ کوسیکھنا چاہیے،اس حکومت نے چند ماہ کے بعد رخصت ہوجانا ہے، اینٹی کرپشن، ایف آئی اے، پولیس کو مہمان حکومت کی خاطراپنی ملازمتوں کوداغدارنہیں کرنا چاہیے،پی ڈی ایم کااعلان لاہور،قرارداد پاکستان کے بعد اہم ترین قرارداد ہے، تمام جماعتوں نے ملکرچلنے کا وعدہ کیا ہے، اپوزیشن اقتدارنہیں عوام کوبچانے کی جنگ لڑرہی ہے ۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں عظمیٰ بخاری اور عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ وزیراعظم احتجاج کرنے کے لئے اپوزیشن کو کنٹینر اور کھانا دینے کا اعلان کرتے تھے ،آج پورے ملک میں گو عمران گو کے نعرے کے رہے ہیں لیکن وہ ڈھٹائی سے ملک پر مسلط ہیں ،اب ان کا استعفے لینا قوم کا نعرہ بن چکا ہے ،پی ڈی ایم عمران خان کا استعفے لینے کے لئے لانگ مارچ لازمی کرے گی ،اگر انہوں نے استعفیٰ نہ دیا تو پی ڈی ایم اسمبلیوں سے استعفے دے کر اس نظام کو زمین بوس کر دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ ادارے اپوزیشن سے ناراض ہیں حالانکہ ادارے اس حکومت کی ناقص کارکردگی سے پریشان ہیں ،مودی کشمیر کو اچک کر لے گیا لیکن عمران نیازی کی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،اداروں میں تشویش کی وجہ پاکستان کے دوست ملکوں کا اس سے دور ہونا ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)29 ارب ڈالر کا سی پیک لائی لیکن یہ حکومت اس میں ایک ڈالر کا اضافہ نہیں کر سکی ،اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لئے اداروں اور اپوزیشن کو لڑانے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی ،آج پاکستان عالمی برادری میں تنہا کھڑا ہے ،عمران خان قوم کو یکجا کرنے اور ڈیلیور کرنے کے قابل نہیں ،آپ کلین بولڈ، سٹمپڈ، ایل بی ڈبلیو اورکیچ آئوٹ ہو چکے ہیں، اب ضدی بچے کی طرح پچ نہ چھوڑنا قوم کے لئے نقصان دہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایل این جی کی مد میں قوم کو122 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے ،ملکی ایئرلائن انڈسٹری تباہ کر کے یورپی یونین کو ایئرلائنز چلانے کی اجازت دیدی گئی ہے کیونکہ آپ کے مشیر یورپی ممالک کی شہریت رکھتے ہیں اور انہی ممالک کے مفادات کے لئے کام کر رہے ہیں ،بی آر ٹی ملک کا سب سے بڑا سکینڈل بن چکا ہے لیکن کوئی ادارہ اس کی جانب نہیں دیکھ رہا ،اپوزیشن کیخلاف بڑھ چڑھ کا کام کرنے والے ادارے ملک کی کرپٹ ترین حکومت کیخلاف کچھ نہیں کر رہے ،اپوزیشن اقتدار کی جنگ نہیں لڑ رہی بلکہ عوام کی جنگ لڑ رہی ہے ،مہنگائی اپنی حدوں کو چھو رہی ہے اس لئے حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد ایڈہاک اضافہ کرے ۔ا نہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے آرمی چیف سے حکومت گرانے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا ،یہ وزیراعظم کے اپنے اندر کا خوف ہے ،ہم عوام کی طاقت اور جمہوریت سے اس حکومت کو گھر بھیجیں گے ،اعلان لاہور مستقبل کی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گا اور ہم مل کر عوام کے لئے بھرپور کام کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام کی تحریک بن چکی ہے ، اب کسی لیڈر کی گرفتاری سے یہ تحریک کمزور نہیں ہو گی۔