اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ اراکین کی معطلی کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کا اعتماد میں لیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی اور اس میں ملوث اراکین کی نشاندہی کے لیے اپوزیشن سے کمیٹی بنانے کا کہا، اپوزیشن کیمطالبے پر میں نے کمیٹی تشکیل دی تھی۔انہوںنے کہاکہ ارکان کیخلاف ایکشن سے پہلے عمران خان، شہبازشریف، بلاول سے گفتگو ہوئی اور انہیں اعتماد میں لیا تھا۔اسد قیصر نے کہا کہ مجھے ہائوس کی کارروائی قانون کے مطابق چلانی ہوتی ہے، اب کسی نے بھی ایوان میں ہنگامہ آرائی کی تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ مجھے کہاگیا ہے کہ ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت اوراپوزیشن کی ایک مشترکہ کمیٹی بنائی جائے۔اسد قیصر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ایوان کا تقدس بحال نہیں کرسکتی تو اسپیکر کیا کرسکتا ہے، اگر حکومت اور حزب اختلاف کے اراکین نہیں مانتے تو میں صرف اجلاس ہی ملتوی کرسکتا ہوں۔