صوبوں کو این ایف سی میں کسی کو حصہ کم نہیں دیا، وفاق سندھ میں خود کام کریگا،شہبازگل

0
256

کراچی(این این آئی)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ صوبوں کو این ایف سی میں کسی کو حصہ کم نہیں دیا، بلاول نا اہل ہیں درخواست دیدیں وفاق سندھ میں خود کام کریگا، پیپلز پارٹی پانی پر سیاست کررہی ہے،ویکسین وفاق نے سب سے زیادہ سندھ کو دی ہے،سندھ حکومت نے کتے کی ویکسین تک نہیں خریدی، اچھی طرح علم ہے کہ بلاول پرچی چیئرمین ہیں، یہ اتنے نکمے ہیں کہ ان سے اپنا ٹارگٹ حاصل نہیں ہوتا،ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ہمیں سندھ میں نالی اور گٹر کا کام بھی کرنا پڑ رہا ہے،سندھ سے پیسہ ایان علی کے ذریعے بیرون ملک جاتا تھا، سندھ حکومت کو ہر صورت ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا،سندھ کی عوام نے مینڈیٹ دیا، ان کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے، انہیں پیپلزپارٹی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔منگل کوگورنرہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر ٹیکس کلیکشن میں ناکامی کا الزام لگایا، ان کو وفاقی حکومت کی ٹیکس کلیکشن کی فکر کیوں ہے ؟ گزشتہ سال سندھ حکومت نے 128 ارب کا ٹیکس ہدف رکھا، سندھ حکومت ٹیکس ہدف ہی عبور نہیں کرسکی، پنجاب حکومت نے ٹیکس وصولی کے ہدف میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے نان ٹیکس ریونیو کا ٹارگٹ 50 ارب رکھا لیکن حاصل 12 ارب کیا، آپ تو اتنے نکمے ہیں کہ آپ سے اپنا رکھا گیا ٹارگٹ حاصل نہیں ہوتا۔یہ میں نہیں کہہ رہا، یہ دستاویزات کہہ رہی ہیں، مجھے نہیں پتہ کہ اس میں کیا سچ کیا جھوٹ ہے۔انھوں نے بتایا کہ ترقیاتی اسکیمیں 155 ارب کی دی تھیں، پراجیکٹس پر صرف 100 ارب روپے خرچ کیے، کیش کہاں رکھا ہوا ہے کیوں عوام پر نہیں لگایا گیا۔ پچھلے سال سندھ حکومت کے پاس کیش 30 ارب تھا، انکے دھندے ہی کیش پر چلتے ہیں۔