Tuesday, June 23, 2026
ہومHomeایرانی صدر کی اہم دورے پر پاکستان آمد، نور خان ایئر...

ایرانی صدر کی اہم دورے پر پاکستان آمد، نور خان ایئر بیس پر پرتپاک استقبال

اسلام آباد (این این آئی)ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ، صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیر اعظم شہبازشریف ، وزیر خارجہ اسحق ڈار ، وزیر داخلہ محسن نقوی ، چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زر داری ، خاتون اول آصفہ بھٹو زر داری نے پرتپاک خیر مقدم کیا ،ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو پاک فضائیہ کے طیاروں نے سلامی دی اور روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ایرانی صدر کو پھول پیش کیے۔

منگل کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے طیارے نے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا، صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی ایرانی صدر کے استقبال کے لیے نور خان ایئر بیس پر موجود تھے۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو پاک فضائیہ کے طیاروں نے سلامی دی اور روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ایرانی صدر کو پھول پیش کیے۔ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی ایران کے صدر کے وفد میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر سے کچھ دیر قبل ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچے تھے۔نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور بلاول بھٹو زرداری نے ایرانی وزیرِ خارجہ کا استقبال کیا ۔ایرانی صدر کی آمد سے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے صدر زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی شریک تھے۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، دورے کا مقصد امریکا ایران ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہنا ہے۔یاد رہے کہ مسعود پزشکیان کا بطور ایرانی صدر پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔

Related News

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Popular

Comments