یونیسف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

0
170

اسلام آباد(این این آئی)یونیسف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ کیتھرین رسل نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کی سہولت کی فراہمی بارے گفتگو کی گئی ۔ پیر کو ہونے والی ملاقات میں وزیر خارجہ نے بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر یونیسف ذمہ داریاں سنبھالنے پر محترمہ کیتھرین رسل کو مبارکباد دی ۔ انہوںنے کہاکہ ہم دنیا بھر کے بچوں کے لیے یونیسیف کے اہم کام کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اپنے مسلسل قریبی تعاون کے منتظر ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان بچوں کے حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم آواز کے طور پر جانا جاتا ہے، ترقی پذیر ملک ہونے کے ناطے پاکستان کو بچوں سے متعلق حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ چیلنجز کے باوجود حکومت_پاکستان،بچوں سے متعلقہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف قانونی، پالیسی اور ادارہ جاتی اقدامات کیے۔انہوںنے کہاکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ایک آزاد قومی کمیشن قائم کیا گیا ، حکومت سکولوں میں بچوں کے داخلے کی شرح میں اضافے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم اس ضمن میں یونیسف کے تعاون کے متمنی ہیں،وزیر خارجہ نے پاکستان میں بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کی سہولت کی فراہمی میں یونیسیف کے تعاون کو سراہا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کرونا وبا کے خلاف جنگ میں یونیسف کا تعاون قابلِ ستائش ہے