اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عدالتی اصلاحات کے لئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے،موجودہ سیاست یا کسی فرد سے متعلق اپنی ذاتی رائے کو آئینی عدالت کی جائز ضرورت پر حاوی نہ ہونے دیں۔ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے حوالے سے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ اگست 2023 میں سول سوسائٹی نے میثاق جمہوریت 2.0 کا مطالبہ کیا، سول سوسائٹی کے میثاق جمہوریت 2.0 کے مطالبے کا مقصد میثاق کے نامکمل ایجنڈے کو پورا کرنا تھا۔ انہوںنے کہاکہ سول سوسائٹی کے میثاق جمہوریت 2.0 کے مطالبے کا مقصد عمران خان، جنرل پاشا، جنرل فیض کے جمہوریت پر حملوں کے نتیجے میں کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنا تھا۔ انہوںنے کہاکہ سول سوسائٹی کی 2023 کی سفارشات میں ایک وفاقی آئینی عدالت کا قیام بھی شامل تھا، جس کی تائید ایک پی ٹی آئی سینیٹر نے بھی کی تھی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عدالتی اصلاحات کے لئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی میں بھی اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ سیاست یا کسی فرد سے متعلق اپنی ذاتی رائے کو آئینی عدالت کی جائز ضرورت پر حاوی نہ ہونے دیں۔