وزیر اعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ،عسکری حکام کی جانب سے ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

0
370

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عسکری حکام کی جانب سے ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔جمعہ کو وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق عسکری حکام کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مرکز اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے کیلئے نیکٹا کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ حملوں پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال پر سیاسی و عسکری قیادت کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ جنوری میں ہونے والی بات چیت بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دوست ممالک سے معاشی صورتحال پر ہونیوالے مذاکرات اور ملک کی زرمبادلہ پر بھی بریفنگ دی گئی،۔