افغانستان مزار شریف میں خودکش بم دھماکہ، صوبائی گورنر سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے

0
384

مزارشریف(این این آئی)افغانستان کے صوبہ بلخ کے طالبان گورنر محمد داد مزمل اپنے دفتر میں ہونے والے ایک دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ بلخ کے گورنر محمد داد مزمل سمیت دو افراد جمعرات کی صبح ایک دھماکے میں مارے گئے ۔افغان نشریاتی ادارے کے مطابق پولیس کے ترجمان آصف وزیری نے بتایا کہ دھماکا ایک انتظامی اجلاس کے دوران ہوا اور تاحال کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔پولیس کمانڈر نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی عمارت میں گورنر کے دفتر کے قریب دوسری منزل پر ایک حملہ آور نے خود کش جیکٹ سے حملہ کیا۔داد مزمل اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد کی صورتحال میں مارے جانے والے طالبان کے اعلی ترین عہدے داروں میں ایک ہیں۔انہیں ابتدائی طور پر مشرقی صوبے ننگرہار کا گورنر مقرر کیا گیا تھا جہاں انھوں نے داعش کے کارکنوں کے خلاف لڑائی کی قیادت کی تھی۔بعدازاں گزشتہ برس انہیں صوبہ بلخ کا گورنر بنایا گیا تھا۔خیال رہے کہ طالبان کے دورِ اقتدار میں آنے کے بعد سے داعش نے افغانستان میں کئی بڑے حملے کیے ہیں جس میں عام شہریوں سمیت طالبان رہنماں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلی مرتبہ کسی افغان صوبہ کا گورنر دھماکہ میں جاں بحق ہوا ہے۔فوری طورپر دھماکہ کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔