وزیر تجارت گوہر اعجاز کی چینی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

0
264

بیجنگ (این این آئی)نگران وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے چینی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو پیش کیا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستان اور چین کی کاروباری برادری کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے اقدام کے طور پر، پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے بیجنگ کے ایک مقامی ہوٹل میں بزنس نیٹ ورکنگ ڈنر میں ممتاز چینی کاروباری اور سرمایہ کار رہنماوں کے ساتھ تعمیری بات چیت کی۔ وزیر تجارت نے پاکستان کے 20 اعلی کاروباری عہدیداروں کے ہمراہ 150 سے زائد چینی کاروباری اداروں کی نمائندگی کرنے والے چینی کاروباری رہنمائوں سے بات چیت کی۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو پیش کیاجس میں ملک کے اسٹریٹجک محل وقوع، خصوصی اقتصادی زونز، ہنر مند افرادی قوت اور کاروباری ترقی کے امکانات کو اجاگر کیا گیا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق انہوں نے سازگار کاروباری ماحول اور سہولت فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ بات چیت کے اہم موضوعات میں ٹیکسٹائل، خوراک، زراعت، لائیو سٹاک، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور توانائی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری شامل تھی۔ بات چیت میں مضبوط اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو گہرا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق چین کے کاروباری اور سرمایہ کار رہنماوں نے پاکستان میں شراکت داری اور منصوبوں کی تلاش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے کھلے پن کو سراہا اور باہمی فائدہ مند تعاون کے لئے دستیاب مواقع پر اعتماد کا اظہار کیا۔