ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی نگرانی اور انسداد بدعنوانی اتھارٹی نزاہہ اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم نے 20 ملین ڈالر سے ریاض اینٹی کرپشن پلیٹ فارم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پلیٹ فارم انسداد بدعنوانی سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے گلوبل آپریشنز نیٹ ورک کے درمیان معلومات کا تبادلہ کرے گا۔ معاہدے پر دستخط کرنے میں مملکت کی نمائندگی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن اتھارٹی کے سربراہ مازن الکھموس نے کی اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کی جانب سے دفتر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر گادہ ولی نے کیے۔مازن الکھموس نے وضاحت کی کہ یہ معاہدہ بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کی ضرورت کے مطابق انسداد بدعنوانی سے متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان براہ راست رابطے اور تعاون کے طریقہ کار کی کمزوری کی وجہ سے ان ممالک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا پلیٹ فارم کے قیام کے لیے مملکت سعودی عرب کی حمایت مملکت کے اس شعور کی تصدیق کرتی ہے کہ بدعنوانی ایک سرحد پار جرم ہے۔ اور یہ کہ قریبی بین الاقوامی تعاون کے بغیر بدعنوان لوگوں اور ان کے پیسے کی محفوظ پناہ گاہوں کو محدود کرنا ممکن نہیں ہے۔