صدر،وزیر اعظم کاپنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ کی مذمت

0
53

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ کی مذمت، دہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کرنے والے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں،شرپسند عناصر اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے واقعہ میں جان بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کی دشمن ہیں۔ آصف علی زر داری نے کہاکہ دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔صدر مملکت نے حملے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی دعا ء کی ۔صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا ء کی ۔دریں اثناء اپنے تعزیتی بیان میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع پنجگور کے علاقے پروم میں ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں ہر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا ء کی ۔وزیر اعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ شہبازشریف نے حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی بھی ہدایت کی ۔ شہبازشریف نے کہاکہ ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کرنے والے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ایسے شر پسند عناصر کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔شرپسند عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔