سیکرٹری جنرل اوپیک نے معاہدے کے لیے روس کو اہم قرار دیدیا

0
307

قاہرہ(این این آئی)اوپیک کے نئے سیکرٹری جنرل ھیثم الغیص نے اوپیک پلس میں روس کی رکنیت کو اوپیک پلس کے معاہدے کی نمایاں کامیابی کے لیے اہم قرار دیا ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے کویتی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا ۔ھیثم الغیص نے روس کے بارے میں مزید کہا کہ اوپیک اور روس کے درمیان مقابلے والی بات نہیں ہے۔ روس توانائی کے حوالے سے عالمی نقشے میں ایک بڑے کھلاڑی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے روس توانائی کے حوالے سے دنیا کا اہم اور انتہائی موثر کھلاڑی بھی قرار دیا ۔واضح رہے اوپیک پلس’ تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت اتحاد میں منسلک ملکوں کا نام ہے۔ ان اوپیک پلس ملکوں کی قیادت روس کے پاس ہے۔اوپیک کے نئے سیکرٹری جنرل ھیثم الغیص اس سے قبل کویت کے اوپیک کے لیے گورنر رہ چکے ہیں۔ اب انہیں اوپیک کا سیکرٹری جنرل بنایا گیا ہے۔ سیکرٹری جنرل بننے کے بعد تین اگست کو وہ اوپیک پلس کی پہلی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔