کیریئر کے دوران کبھی نہیں سوچا بیرون ملک کام کرنا چاہیے،بابر علی

0
214

لاہور (این این آئی) ماضی کے مقبول فلمی ہیرو اور سینئر اداکار بابر علی نے کہا ہے کہ اپنے کیریئر کے دوران کبھی نہیں سوچا کہ بیرون ملک جا کر کام کرنا چاہیے۔حال ہی میں اداکار بابر علی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایک بار ہیرو اور ولن کی لڑائی کا منظر شوٹ کرنے کے دوران شفقت چیمہ نے مجھے ایسا مکا مارا کہ میں بے ہوش ہوگیا تھا، جب میں ہوش میں آیا تو میں نے خود کو شفقت چیمہ کی گود میں پایا۔اداکار نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے یہ اعتراف بھی کیا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو برباد کرنے میں ہر اداکار اور ہدایت کار نے اپنا حصہ ڈالا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مجھے زندگی کو پیچھے لے جانے کا موقع ملے تو میں فلم انڈسٹری کی صرف دو باتیں درست کروں گا، ایک وقت کی پابندی اور دوسرا فلموں میں کوئی نہ کوئی اچھا پیغام شامل کرنا، یعنی فلموں کو مقصدیت اور کہانی کے ساتھ بنانا۔بیرون ملک جاکر کام کے حوالے سے سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ اپنے کیریئر کے دوران کبھی ایسا نہیں سوچا تھا کہ مجھے کہیں دوسرے ملک جاکر اداکاری کرنی چاہیے، بالی ووڈ میں اچھا کام ہو رہا ہے لیکن میں نے کبھی دوسرے ملک جاکر کام کرنے کا نہیں سوچا۔