غزہ میںجنگی جرائم کے لیے اسرائیل کااحتساب کیا جائے، پاکستان

0
224

نیویارک(این این آئی)پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کو روکنے میں ناکامی پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی)پر تنقید کرتے ہوئے رکن ممالک سے کہا ہے کہ ان تمام ذمہ داروں کا احتساب کریں جنہوں نے فلسطینی شہریوں اور رہائشی محلوں کو نشانہ بنا کر علاقے میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ منیر اکرم نے غیرملکی ٹی وی چینل سے گفتگومیں تنازع کو کم کرنے کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ شہریوں، شہری اشیا اور بنیادی ڈھانچے پر اسرائیلی حملے؛ پانی، ایندھن اور خوراک کی ناکہ بندی اور مقبوضہ علاقے سے لوگوں کی جبری منتقلی بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے مترادف ہے۔ ان ظالمانہ جرائم کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی مہم کا تسلسل مزید بڑے پیمانے پر شہری ہلاکتوں کا باعث ہو گا اور ایک وسیع اور زیادہ خطرناک تنازعہ کا محرک بن سکتا ہے۔اکرم نے پاکستان کی طرف سے مایوسی کا اظہار کیا کہ سلامتی کونسل نے تنازعہ کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس جنگ کے جاری رہنے کا سبب بننے والوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔