وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی نفاذ کے ذرائع پر گلوبل اسٹاک ٹیک ہائی لیول گول میز اجلاس میں شرکت

0
219

دبئی(این این آئی)وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے بحران کی شدت کو اجاگر کرت تے ہوئے کہا ہے کہ اس بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی مالیات، صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی سمیت نفاذ کے مناسب ذرائع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دوبئی میں ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ (WCAS) میں مینز آف امپلیمینٹیشن پر گلوبل اسٹاک ٹیک (GST) کے اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے میں شرکت کی۔ اس گول میز مباحثے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے بحران کی شدت کو اجاگر کیا اور اس بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی مالیات، صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی سمیت نفاذ کے مناسب ذرائع فراہم کرنے پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے کلائمیٹ فنانس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی مالی ضروریات 100 بلین امریکی ڈالرز سے کہیں زیادہ ہیں۔ وزیر اعظم نے ترقی پذیر ممالک کے لیے قابلیت سازی کی بہتر فراہمی کے ساتھ ساتھ ثابت شدہ موسمیاتی ٹیکنالوجیز کی منتقلی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے نظام میں مزید ہم آہنگی اور روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اعلامیہ کے مطابق یہ پہلا گلوبل اسٹاک ٹیک (GST) مختلف ممالک اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے پیرس معاہدے کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے اپنی اجتماعی پیش رفت کا جائزہ لینے کا عمل ہے۔ یہ اعلیٰ سطحی تقریب COP28 میں”مینڈیٹڈ ایونٹس” کی ایک سیریز کا حصہ تھی جس میں تقریباً 30 سربراہان مملکت/حکومت نے شرکت کی۔