امریکا کا یوکرین کو 50 کروڑ ڈالرکے ہتھیاردینے کا اعلان

0
244

واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے یوکرین کو نصف ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے چند روز قبل ہی روس میں کرائے کے مسلح گروپ واگنرنے فوج کے خلاف قلیل مدتی بغاوت کی تھی۔امریکا کے اعلان کردہ تازہ پیکج کے تحت محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے اسلحہ ڈپوؤں سے یوکرین کے لیے ہتھیاروں اور سازوسامان کا 41 واں انخلا ہوگا۔پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 50 کروڑ ڈالر مالیت کے اس پیکج میں یوکرین کی جوابی کارروائیوں میں مدد دینے، اس کے عوام کی حفاظت کے لیے دفاعی نظام اوراس کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اضافی بکتر بند گاڑیاں، اینٹی آرمر سسٹم، اہم گولہ بارود اور دیگر سازوسامان شامل ہے تاکہ یوکرین کو روس کی مسلط کردہ جارحانہ جنگ کو پسپا کرنے میں مدد مل سکے۔واشنگٹن یوکرین میں نصب پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم اور ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ہیمارس) کے لیے مزید گولہ بارود مہیا کرے گا۔اس کے علاوہ اضافی اسٹنگر طیارہ شکن نظام اور جیولن اینٹی آرمر سسٹم دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔یوکرین کو حالیہ ہفتوں میں میدان جنگ میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے کیونکہ روسی فوج کے فضائی حملوں میں مغرب کے مہیاکردہ بیشتر ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ ہو گئے ہیں۔امریکا کی جانب سے یوکرین کے لیے نئے پیکج میں 30 بریڈلی انفنٹری فائٹنگ گاڑیاں اور 25 اسٹرائیکر بکتر بند گاڑیاں شامل ہوں گی۔ہتھیاروں اور سازوسامان اس کے علاوہ ہے۔