لڑکھڑاتی حکومت کو سینیٹ انتخابات سے قبل بڑی شکست ہوئی ہے،مصطفی نواز کھوکھر

0
231

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاہے کہ لڑکھڑاتی حکومت کو سینیٹ انتخابات سے قبل بڑی شکست ہوئی ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت انتخابات سے بھاگنا چاہتی تھی مگر اسے راہ فرار نہیں ملا، حکومتی ترجمانی انتہائی ڈھٹائی سے سپریم کورٹ کی رائے کو اپنی فتح قرار دے رہے ہیں، سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کے ذریعے جو سوال بھیجا اس کا جواب تو نفی میں ملا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کیا سپریم کورٹ نے انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے کروانے کے حق میں رائے دی، جواب ہے نہیں !۔ انہوںنے کہاکہ کیا صدارتی آرڈیننس سپریم کورٹ کی رائے بعد موثر رہا ہے تو بھی جواب ہے ، نہیں !۔ انہوںنے کہاکہ 3 مارچ یوسف رضا گیلانی کی جیت اور سلیکٹڈ کے امیدوار کے شکست کا دن ہے، ضمنی انتخابات کی طرح سینیٹ انتخابات میں بھی کٹھ پتلی حکومت کو بدترین شکست ہوگی۔