اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اسمارٹ لاک ڈائون کا فیصلہ مقامی انتظامیہ خود کر سکتی ہے۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ ملک میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کا فیصلہ وقت پر کیا ہے، کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح یومیہ 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ امریکا میں 90 فیصد آبادی ویکسین شدہ ہے لیکن پھر بھی وہاں کے ہسپتالوں پر کورونا کے مریضوں کا دبائو آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن افراد نے ویکسین لگوائی ہے ان میں وائرس کی شدت کم ہے، تاہم ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت کا مزید کہنا ہے کہ ویکسی نیشن میں پیچھے رہے تو کورونا کی مزید لہر آسکتی ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور اور دیگر شہروں میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث آئندہ دنوں میں دبائو آ سکتا ہے۔