نگران حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ ماہ مذاکرات ہونیکا امکان ہے، وزارت خزانہ

0
198

کراچی(این این آئی)ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نگران حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ ماہ مذاکرات ہونے کا امکان ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق مذاکرات کیلئے ایجنڈا مرتب کیا جا رہا ہے، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ نگران حکومت سٹینڈ بائی ارینج منٹ معاہدے کی شرائط پر مکمل عملدرآمد کرے۔ذرائع نے بتایا کہ نگران حکومت کو بجلی کے گردشی قرض کو کنٹرول کرنے کا پلان دینا ہوگا، گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کے پلان پر مذاکرات ہوں گے، ٹیکس وصولیاں بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان پروگرام پر ورچول بات چیت جاری ہے، وزارت خزانہ حکام آج سے گردشی قرضہ کا ادائیگی پلان دینا شروع کریں گے۔آئی ایم ایف نے اس ضمن میں حکومتی پلان پر مزید تفصیلات طلب کر رکھی ہیں، گردشی قرض کی ادائیگی کے لیے اسکیم پر بریفنگ دی جائے گی۔وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان پروگرام میں نگران وزیر خزانہ بھی بریفنگ میں شریک ہوں گے، 400 ارب روپے کے قرضے کی ادائیگی کے بعد نگران حکومت کو 90 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کا امکان ہے ۔