سیاحت کے حوالے سے زیر التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،وزیر اعظم

0
234

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سیاحت کے حوالے سے زیر التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،سیاحتی مقامات پر ٹورسٹ ریزاٹ اور بین الاقوامی معیار کے ہوٹل قائم کرنے والوں کے لئے حکومت کی جانب سے سہولیات بشمول ٹیکس میں چھوٹ پر مبنی تجاویز پیش کی جائیں۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوراڈینیشن کمیٹی برائے سیاحت کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان و دیگر صوبائی حکام بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ،اجلاس میں ملک بھر کے سیاحتی مقامات کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں چار سیاحتی مقامات کے لئے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور مینجمنٹ کیلئے بین الاقوامی ادارے کی خدمات حاصل کی جا چکی ہیں،اسی طرح صوبہ سرحد میں بھی چار انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کے ماسٹر پلان کے مسودے تیار کیے جا چکے ہیں جن کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں سیاحت کے حوالے سے ذیلی قوانین اور ریگولیشنز کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور جلد ان کا نفاذ عمل میں لایا جائیگا جبکہ خیبرپختونخواہ میں ان کا نفاذ عمل میں لایا جا رہا ہے۔وزیرِ اعظم کو اٹک اور بالا حصار قلعے کو سیاحتی مراکز بنانے کے حوالے سے پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی ۔