شاہ محمود قریشی کی آسٹریا کے وزیر خارجہ سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو

0
248

نیویارک (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں جاری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر آسٹریا کے وزیر خارجہ الیگزینڈر شیلنبرگ کے ساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، آسٹریا کو یورپی یونین کا ایک اہم ملک گردانتے ہوئے آسٹریا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کع خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان، تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات، صحت، قابلِ تجدید توانائی ،آبی وسائل، زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان اور آسٹریا کے مابین اگلے دو طرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس کے جلد انعقاد کے متمنی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں سیکورٹی کی بہتر صورت حال اور کاروباری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آسٹرین کاروباری حضرات /کمپنیاں، ہماری حکومت کی ”کاروبار دوست پالیسیوں”سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتی ہیں، وزیر خارجہ نے آسٹرین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔