تہران (این این آئی)ایران میں ایک عدالت نے انسانی حقوق کی علمبردار اور صحافیہ نرجس محمدی کو آٹھ سال قید اور 70 سے زیادہ کوڑوں کی سزا سنائی ہے۔انھیں گذشتہ سال نومبر میں اچانک بلاوارنٹ گرفتارکیا گیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق فرانس میں مقیم ان کے شوہر تقی رحمانی نے عدالت کے اس فیصلے کی اطلاع دی ۔ انھوں نے ٹویٹرپر لکھا کہ عدلت نے صرف پانچ منٹ تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد ان کی اہلیہ کو سزا سنادی ہے۔اس فیصلے اورنرجس محمدی کے خلاف مقدمے دونوں کی تفصیل ابھی تک واضح نہیں۔نرجس محمدی ایران کی نوبل امن انعام یافتہ انسانی حقوق کی علمبردارشیریں عبادی کی ساتھی ہیں۔انھیں ایرانی حکام نے گذشتہ چند سال کے دوران میں متعدد بار گرفتار کرکے جیل میں ڈالا ۔انھیں اکتوبر2020 میں جیل سے رہا کیا گیا تھا لیکن پھرنومبر2021 میں اچانک تہران کے نواح میں واقع کاراج میں ایک تعزیتی تقریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت نومبر2019 میں ملک گیرمظاہروں میں ہلاک شدہ ایک شخص کی یادمیں منعقدہ تقریب میں شریک تھیں۔