اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہاہے کہ انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کی عالمی کانفرنس کا عنوان ”بہتر ڈیجیٹل مستقبل کی تعمیر سب کیلئے”ہے، 14 اکتوبر تک جاری رہے گی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کی عالمی کانفرس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔امین الحق کی قیادت میں پاکستانی وفد میں، سفراء خلیل ہاشمی، ڈاکٹر ظفر اقبال، اجمل اعوان، حارث چوہدری شامل ہیں ۔سید امین الحق نے 17 ممالک کے وزراء سے علیحدہ علیحدہ غیر رسمی ملاقاتیں کیں جس میں گفتگو کرتے ہوئے سید امین الحق نے کہاکہ وزراء کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریف کیا گیا، ہیڈ اف مشنز اجلاس میں پاکستان میں ڈیجیٹل مستقبل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ بہترین کنکٹویٹی و اسمارٹ فون فار آل کے عنوان سے پاکستان کی پالیسی کی کانفرنس میں زبردست پذیرائی ہوئی، آئی ٹی یو کانفرنس میں186 رکن ممالک کے وزراء و ہیڈ آف مشنز شریک ہیں۔انہوںنے کہاکہ کانفرنس کا عنوان ”بہتر ڈیجیٹل مستقبل کی تعمیر سب کیلئے”ہے، پیر 26 ستمبر سے شروع کانفرنس 14 اکتوبر تک جاری رہے گی۔