بلا اجازت احتجاج کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی، اسلام آباد پولیس کا انتباہ

0
410

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان اسلام آباد پولیس نے شہر کی صورتحال اور ممکنہ احتجاج پر اپنے بیان میں کہاہے کہ بلا اجازت احتجاج کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیاسی جماعت کے رہنماؤں نے اسلام آباد آمدورفت کے راستے بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس وجہ سے اسلام آباد کے شہریوں، طلبہ اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہٰذا سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہوں کی صورتحال جاننے کے لیے پکار 15 پر کال کریں۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ شہر میں بلا اجازت احتجاج کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جن سیاسی کارکنان کی شناخت اور مقدمات درج ہیں ان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کررہے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے آنے والے قومی اور بین الاقوامی مہمانوں کے لیے راستے کھلے رکھے جائیں گے، ائیر پورٹ کیلیے بلا رکاوٹ آمد و رفت قومی تشخص کے لیے اہمیت کی حامل ہے، وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے ائیرپورٹ اور موٹروے تک آمد ورفت کے راستوں کی نگرانی کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ تمام سیاسی احباب سے گزارش ہے کہ انتظامیہ سے اجازت کے ساتھ مختص مقام پر احتجاج کریں جب کہ عوام سے گزارش ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں، کسی بھی شر پسندانہ سرگرمی اور افراد کی اطلاع پکار 15 پر دیں۔