گذشتہ سال پاکستان کیلئے مشکل تھا،مسعود خان کا پاکستان کی حمایت و تعاون پر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا شکریہ

0
183

اسلام آباد /واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ گذشتہ سال پاکستان کیلئے مشکل تھا،ہم مشکل مرحلے سے نکل کر استحکام کے نئے دور کی جانب گامزن ہیں، پاکستان پر یقین رکھیں،کامیابی ہمارا مقدر ہے، ہمارے اعتماد کی وجہ ہمارے عوام ہیں،ہمارا متوسط طبقہ بڑھ رہا ہے اور ہمارے انسانی سرمائے میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔سفیر پاکستان نے یہ بات بین الاقوامی مالیاتی اداروں بشمول انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)، ورلڈ بینک اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے دوستوں کے اعزاز میں پاکستان ہائوس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کہی۔چالیس سے زائد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر ہم بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے مشکور ہیں۔پاکستان میں آئی ایم ایف کے مشن چیف ناتھن پورٹر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حالیہ سٹاف لیول معاہدے کے مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات اور پالیسیاں ملک کو استحکام کی طرف لے جانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کی بنیاد پر ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اصلاحات کا سفرآگے بڑھا سکیں گے۔ انہوں نے ملک میں مالیاتی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون اور پالیسیوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر مشرق وسطی اور وسطی ایشیا کے محکمہ آئی ایم ایف کے ڈپٹی ڈائریکٹر مسٹر ایتھناسیوس آروینائٹس نے بھی اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں انتخابات اصلاحاتی عمل ایک نئی شروعات کو جنم دے گا جس میں ملکی ترقی کے لئے ضروری اصلاحاتی ایجنڈے کو فروغ دیا جا سکے گا۔بین الاقوامی اداروں کی جانب سے حمایت پر سفیر پاکستان مسعود خان نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل نئے مواقع جنم دے رہا ہے اور ضمن میں ملک کے نوجوان اور پیشہ ور افراد سرکردہ کردار ادا کر رہے ہیں۔مسعود خان نے بین الاقوامی اداروں میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم باصلاحیت قوم ہیں، اگر آپ کامیاب ہو سکتے ہیں تو ہمارا ملک بھی یقینا کامیاب ہوگا۔آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بہا دو ر بیجانی نے اپنے ریمارکس میں ملکی کی معاشی صورتحال میں مجموعی بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام نے ڈیلیور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے،پاکستان محض ایک ملک نہیں بلکہ یہ خطے اور دنیا کے اہم ترین ممالک میں سے ایک ہے۔سید علی عباس ایڈوائزر مشن چیف یو کے، یورپی ڈیپارٹمنٹ آئی ایم ایف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں انتخابی عمل کی کامیابی سے ملک طویل المدتی اور زیادہ پائیدار حکمت عملی کی جانب گامزن ہو گا جس سے پاکستان کی سمت بدل جائے گی۔اس موقع پر ورلڈ بینک سے تعلق رکھنے والے آفتاب قریشی اور آئی ایم ایف کی محترمہ سدرہ رحمان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔سفیر پاکستان مسعود خان نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔