وزیر مذہبی امور انیق احمد سے عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ کی ملاقات ،دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

0
185

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے جمعرات کو وزیر مذہبی امور انیق احمد سے وزارت مذہبی امور میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات ، مذہبی سیاحت اور ثقافت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے عراق کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،عراق اور پاکستان کے عوام میں عقیدت، محبت اور اخلاص کے رشتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مذہبی سیاحت کے فروغ اور زائرین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے زیارت پالیسی وضع کی گئی ہے جس میں زیارات کروانے والی نجی کمپنیاں حکومتی سطح پر رجسٹرڈ کی جائیں گی۔ عراقی سفیر حامد عباس لفتہ نے زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زائرین کے ویزوں کے اجرائ اور سہولیات کیلئے سفارتخانہ عراقی وزارت داخلہ و خارجہ امور سے مکمل رابطے میں رہے گا۔ ملاقات میں بغداد اور کربلا میں زائرین کی سہولت کیلئے پاکستان ہائوس کی تعمیر بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔