اسلام آباد (این این آئی) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ریڈیو کے عالمی دن پر ریڈیو پاکستان میں انگریزی زبان میں خبرنامہ پڑھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے منگل کو دن ایک بجے انگریزی خبر نامہ پڑھ کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان پر خبرنامہ پڑھ کر ایک اہم پیغام دیا کہ حکومت ریڈیو کو ایک اہم ذریعہ ابلاغ کے طور پر دیکھتی ہے،نگران وزیر اطلاعات کا یہ اقدام اس امر کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت ریڈیو نشریات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے،ریڈیو پاکستان ملک کا سب سے پرانا اور سب سے بڑا نشریاتی ادارہ ہے جس کے مختلف زبانیں بولنے والے وسیع سامعین ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ اقدام ریڈیو پاکستان کو ایک قومی نشریاتی ادارے کے طور پر مضبوط اور پاکستان میں ڈیجیٹل ریڈیو نشر و اشاعت کو فروغ دینے میں مدد دے گا،وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کے پوڈ کاسٹ پروگرام میں بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ حکومت ریڈیو پاکستان کو مضبوط بنانے اور اسے رابطے کا ایک زیادہ موثر اور متحرک ذریعہ بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ حکومت پاکستان میں ڈیجیٹل ریڈیو کی نشریات کو فروغ دینے کے لئے بھی کام کر رہی ہے، ریڈیو پاکستان قومی نشریاتی ادارہ ہے جس کی طویل اور بھرپور تاریخ ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ ریڈیو پاکستان نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں قائدانہ کردارادا کیا۔