پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پارلیمانی وفد کی انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ آف سی پی سی کی وائس منسٹر سن ہا ین سے ملاقات، سی پیک پر گفتگو

0
87

بیجنگ (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی اور (ن )لیگ کے پارلیمانی وفد نے بیجنگ میں انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ آف سی پی سی کی وائس منسٹر سن ہا ین سے ملاقات جس میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔وفد کی قیادت سابق وفاقی وزیر پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید مرتضیٰ محمود اور رانا ارادت خان کر رہے تھے ۔وفد میں ملائکہ رضا، حسن مرتضیٰ، ندا کھڑو، قاسم نوید قمر ،حنا پرویز بٹ، مہوش سلطانہ اور دیگر رہنماء وفد میں شامل تھے ۔ملاقات میں سی پیک، تجارت اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔ سید مرتضیٰ محمود نے کہاکہ پاکستان چین کے تعلقات اور تعاون کو قدر کے نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سید مرتضیٰ محمود نے کہاکہ سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ خود چائنہ کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوںنے کہاکہ کچھ ملک دشمن عناصر چینی باشندوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں تاکہ تعلقات خراب ہوں۔ انہوںنے کہاکہ یہ عناصر نہ صرف چائنہ بلکہ پاکستان کی ترقی کے بھی دشمن ہیں،پاکستان اور چائنہ ملکر ان ملک دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے،پاکستانی حکومت چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کے لئے کام کر رہی ہے۔وائس منسٹر سن ہا ین نے کہاکہ پاکستان میں نئی حکومت کی تشکیل ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سیاست میں بینظیر بھٹو کی روشن اور تاریخی مثال کے بعد آصفہ بھٹو زرداری اور مریم نواز شریف کی انٹری خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سیاست میں خواتین کی بڑھتی نمائندگی ایک مثبت پیغام ہے، مجھے پاکستان کا مستقبل بہت روشن نظر آ رہا ہے، پاکستان کے لوگ بہت محنتی ہیں،دو طرفہ تعاون کو مزید موثر اور مضبوط بنانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں چینی باشندوں کے خلاف دہشتگردی کے افسوسناک واقعات پیش آئے،پاکستانی حکومت چینی باشندوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، کچھ عناصر سی پیک اور ہمیں روکنا چاہتے ہیں کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ کوریڈور اہم ہے، سی پیک منصوبہ ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے، چیلنجز ہیں لیکن پاکستان اور چائنہ کو ملکر کام کرنا ہے مسائل کو ملکر حل کرنا ہے۔