وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 45 ہزار سے زائد نوجوانوں کو روزگار فراہم کر دیا

0
167

اسلام آباد (این این آئی)کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو کاروباری مواقع کی فراہمی، وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 45 ہزار سے زائد نوجوانوں کو روزگار فراہم کر دیا،ملک بھر کی طرح سندھ کے نوجوانوں میں بھی بزنس لون کی تقسیم تیز کر دی گئی ،نوجوان حکومتی منصوبے سے کس طرح فائدہ اٹھا رہے ہیں؟ ،گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کامیاب جوان کی کامیاب کہانی ٹویٹر پر شیئر کر دی،میر پور خاص کا رہائشی محمد انور چند دنوں میں کامیاب کاروبار کا مالک بن گیا،وفاقی حکومت سے بروقت قرض کی رقم ملنے پر لوڈر گاڑی خرید کر روزگار شروع کر لیا۔ گور نر سندھ نے کہاکہ وفاقی حکومت چھوٹے کاروبار سے لے کر بڑے بزنس تک بھرپور مدد فراہم کر رہی ہے، مشکل مالی حالات کے دوران روزگار کی فراہمی کیلئے اقدامات خوش آئیند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت سندھ کے نوجوانوں کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتی، عثمان ڈار سے سندھ کے نوجوانوں کو قرضوں کی تقسیم تیز کرنے کی درخواست کی ہے ۔ گور نر سندھ نے کہاکہ انشااللہ وزیراعظم کے ویڑن کے مطابق اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رکھیں گے،بزنس لون اور اسکل اسکالرشپس پروگرام میں زبردست کامیابی پر سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار مبارکباد کے مستحق ہیں۔