لاہور واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ، امن مخالف قوتیں یہاں اسپائیلرز کا کردار ادا کرنا چاہ رہی ہیں،شاہ محمود قریشی

0
225

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لاہور واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ،ہمیں معلوم ہے کچھ امن مخالف قوتیں یہاں اسپائیلرز کا کردار ادا کرنا چاہ رہی ہیں،ہمیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ،ماضی میں بھی ہماری قوم نے اور ہماری سپاہ نے ان قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور شکست دی آئندہ بھی انشاء اللہ اسی طرح انہیں منہ کی کھانا پڑیگی، جنوبی پنجاب کے صوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے آگے بڑھنا چاہتے ہیںاس ضمن میں آئینی ترمیم کیلئے ہمیں دو تہائی اکثریت درکار ہے، امید ہے اپوزیشن رہنما ہماری دعوت پر سنجیدہ ردعمل کا مظاہرہ کریں گے۔ اپنے بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ گزشتہ روز لاہور میں رونما ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں معلوم ہے کہ کچھ امن مخالف قوتیں یہاں اسپائیلرز کا کردار ادا کرنا چاہ رہی ہیں، وہ نہیں چاہتیں کہ پاکستان میں معاشی استحکام ہو۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں گبھرانے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے ہم نے ان عناصر کا تدارک کرنا ہے، ماضی میں بھی ہماری قوم نے اور ہماری سپاہ نے ان قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انہیں شکست دی آئندہ بھی انشاء اللہ اسی طرح انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم خطے میں امن و امان کے خواہاں ہیں، ہماری پالیسی، نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم دہشت گردی کا مقابلہ دانشمندی سے کریں گے اس حوالے سے ہمارے درمیان قومی اتفاق رائے موجود ہے،ہم اس پر آگے بڑھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال آپ کے سامنے ہے، آج برطانیہ میں “جنگی جرائم” کا تذکرہ ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت پر نسل کشی کے الزامات لگ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دنیا بھارتی مظالم پر کھل کر بات کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وہ عناصر کیوں چاہئیں گے کہ پاکستان میں امن ہو،استحکام اور معاشی ترقی ہو۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بہت سے دہشت گردی کے واقعات کا سراغ رونما ہونے سے پہلے لگا لیا گیا اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا