اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاحتی روابط، اعظم جمیل نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کی جس میں سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان میں سیاحت کا فروغ وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ 2019 میں پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں مثالی ترقی ہوئی، کرونا وبا کے باعث ،جہاں باقی شعبے متاثر ہوئے وہاں سیاحت کے شعبے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وبا کی صورتحال میں بہتری کے بعد دنیا بھر کے سیاح دوبارہ سیاحت کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہ اکہ ہم سیاحت کے فروغ کیلئے، پاکستان آنے کے خواہاں، سیاحوں کیلئے آن ویزہ سمیت متعدد سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میری دورہ سپین کے دوران اقوام متحدہ کی عالمی تنظیم برائے سیاحت ( UNWTO ) کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ بہت سود مند ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحتی روابط، اعظم جمیل نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کی معاونت کے ساتھ ایک جامع قومی سیاحتی پالیسی جلد مرتب کرنے کا عندیہ دیا۔