اسلام آباد (این این آئی)چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز کو اظہار ہمدردی اور نیک تمناؤں کے پرتپاک جذبات پر مبنی خط میں کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہم چین کی طرف سے آپ کی جماعت کی ہر ممکنہ مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جمعہ کوسی پی سی کی سینٹرل کمیٹی کے بیورو آف ساؤتھ اینڈ ساؤتھ ایسٹ ایشیائی امور کے ڈائیریکٹر جنرل میم یو من نے شہباز شریف کو خط ارسال کیا ہے ۔کمیونسٹ پارٹی کے خط میں کہاگیاکہ آپ کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر پر اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے آپ کی جلد صحت یابی کے مطمنی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں ایک قد آور سٹیٹس مین اور چین کے دیرینہ دوست کے طور پر آپ نے دونوں جماعتوں اور ممالک کے درمیان تعلقات کو گہرا کرنے اور عوام میں دوستی بڑھانے کے لئے جو طویل المدتی کوششیں کی ہیں، چین ان اچھی یادوں کو ہمیشہ خوشی سے یاد کرتا ہے۔کمیونسٹ پارٹی کے خط میں کہاگیاکہ کمیونسٹ پارٹی کے قیام کے سوسال مکمل ہونے پر آپ کے تہنیتی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سی پی سی کا شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کہاگیاکہ کورونا وبا کے دوران کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) شانہ بہ شانہ کھڑے ہوئے اور ایک دوسرے کی حمایت کی جس سے ہمارے درمیان اور بھی زیادہ قربت آئی ہے۔چین کی حکمران جماعت نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہم چین کی طرف سے آپ کی جماعت کی ہر ممکنہ مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔خط میں کہاگیاکہ دعا ہے کہ پاکستان اس وائرس کو جلد شکست دے۔ خط میں کہاگیاکہ کورونا کے پس منظر میں ہم دونوں جماعتوں کے درمیان مزید رابطوں اور تبادلوں پر آمادہ ہیںتاکہ عوام کے مفاد میں ہمارے دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں سے ہم کنار ہوں۔کمیونسٹ پارٹی کے خط میں شہباز شریف کے لئے پرتپاک جذبات کا اظہار کیا گیا