نیویارک (این این آئی)نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس نے واضح کیاہے کہ ہمارا بنیادی ہدف پاکستان میں شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے،معاشی مضبوطی سیاسی استحکام سے مشروط ہے، ایس آئی سی ایف کے تحت پانچ بڑے شعبوں میں سرمایہ کاری کے اہداف مقرر کیے ہیں، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے خلیجی ممالک سے معاہدے ہوں گے،پاکستان میں دہشت گرد گروپ ہمسایہ ملکوں سے کارروائیوں میں ملوث ہیں، افغانستان کالعدم ٹی ٹی پی کے پاکستان میں حملوں پر کارروائی کرے۔ایک انٹرویو دیتے ہوئے جلیل عباس نے کہا کہ معاشی مضبوطی سیاسی استحکام سے مشروط ہے، ایس آئی سی ایف کے تحت پانچ بڑے شعبوں میں سرمایہ کاری کے اہداف مقرر کیے ہیں، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے خلیجی ممالک سے معاہدے ہوں گے۔نگراں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ خلیجی ممالک پاکستان میں بڑے شراکت دار ہیں، خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولتیں دی جارہی ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کونسل کا بڑا ہدف عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے، چین پاکستان کا ایک بہترین اور قابل اعتماد دوست ہے، چین نے سی پیک کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔انہوںنے کہاکہ چین اور پاکستان سی پیک کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں، سی پیک کے اگلے مرحلے میں زراعت اور ریلوے پر توجہ دی جا رہی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔وزیرِ خارجہ نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ملک میں قیمتیں بڑھیں۔جلیل عباس نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد گروپ ہمسایہ ملکوں سے کارروائیوں میں ملوث ہیں، افغانستان کالعدم ٹی ٹی پی کے پاکستان میں حملوں پر کارروائی کرے، افغانستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے کو یقینی بنائے۔