شجاعیہ کالونی کی جھڑپیں،ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 115 ہوگئی

0
110

تل ابیب(این این آئی)اسرائیلی فوج اور القسام بریگیڈز کے درمیان غزہ کی پٹی کے علاقے شجاعیہ کالونی میں پرتشدد تصادم جاری ہے۔ زمینی کارروائی کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 115 ہو گئی ہے۔اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی فوج ابھی تک الشجاعیہ کی تمام عمارتوں کو کنٹرول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔ خاص طور پر چونکہ القسام بریگیڈز کو پڑوسی کالونیوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ اسرائیلی زمینی افواج کی موجودگی کے دوران فضائی مدد بھی ناممکن رہی۔ اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا کہ گولانی بریگیڈ کے کمانڈر اور سپاہی غزہ شہر کے مشرق میں واقع شجاعیہ کالونی میں القصبہ کے علاقے میں فلسطینی جنگجوں کے ساتھ گرما گرم لڑائی کے دوران مارے گئے ہیں۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ گولانی بریگیڈ کے فوجیوں نے شجاعیہ کالونی میں گہری لڑائی لڑی ہے۔ لڑائی میں علاقے میں جنگجوں اور ان کے ارکان کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ فلسطینی جنگجو شہری عمارتوں اور زیر زمین سرنگوں کے نیٹ ورک کے اندر سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے حملہ آور اسرائیلی فورسز کو ایک رہائشی عمارت کے اندر سے دھماکہ خیز مواد اور گولیوں سے نشانہ بنایا۔فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ کمانڈرز زخمی فوجیوں کی مدد کے لیے آگے آئے جس کی وجہ سے کمانڈرز اور فوجی اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ عمارت میں موجود فورسز کو مدد فراہم کر رہے تھے اور بچا رہے تھے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 36ویں ڈویژن کے کمانڈر نے واقعات ختم ہونے کے بعد گولانی بریگیڈ کے رہنمائوں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کی پٹی میں جاری لڑائیوں کے دوران ایک افسر اور ایک فوجی کی ہلاکت کا اعلان بھی کیا۔ اس سے قبل جھڑپوں اور دیگر کارروائیوں میں آٹھ افسران اور فوجیوں کی ہلاکت کے اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ فوج نے اعلان کیا کہ غزہ کی پٹی پر زمینی حملے کے آغاز سے اب تک 115 فوجی مارے جا چکے ہیں۔