حوثی یمنی شہریوں کو دھوکہ دینے کے لیے جھوٹے وعدے کر رہے، سعودی عرب

0
175

ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا یمنیوں کو ایک مہلک جنگ میں جھونکنے کے لیے دھوکہ دینے کے لیے بار بار جھوٹے وعدوں کو فروغ دے رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹر پر اپنے اکائونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ یمن کے عقلمند عوام کو حوثیوں کے جھوٹ کو خاطر میں نہیں لانا چاہیے۔ اپنے بچوں کو ملیشیا کی چھیڑ چھاڑ سے بچانا چاہیے۔انہوں نے یمن کے خلیجی نظام کے اندر رہنے کے لیے سعودی عرب کی کوشش کی بھی توثیق کی تاکہ اس کے لوگ استحکام سے لطف اندوز ہو سکیں۔شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹ میں لکھا کہ مملکت اور عرب خلیجی ریاستیں یمن کو خلیجی نظام کے اندر رکھنا چاہتی ہیں تاکہ اس کے عوام دوسرے خلیجی لوگوں کی طرح سلامتی، استحکام اور ترقی سے لطف اندوز ہو سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا نے دہشت گردی اور تباہی کا انتخاب کیا۔ یمن کے لوگوں کو جنگ کے ایندھن کے طور پر استعمال کیا اور ایرانی حکومت کے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے یمنی عوام کو جنگ میں گھیسٹا گیا۔