روسی وترک صدرکا ٹیلی فونک رابطہ، یوکرین کے قیدیوں، گیس اوراناج کی برآمدات پرتبادلہ خیال

0
268

ماسکو(این این آئی)روسی صدر ولادی میر پوتین اوران کے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن نے یوکرین جنگ میں زخمی ہونے والے افراد کے تبادلے، ترکی میں گیس مرکزکے قیام اور بحیرہ اسود سے اناج کی برآمدات کے بارے میں ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کو روسی صدارتی محل کریملن نے اطلاع دی کہ دونوں صدور نے یوکرین کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا۔بیان میں کہا گیا کہ صدرولادی میرپوتین نے کیف حکومت کی تباہ کن لائن کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے جومغربی پشتی بانوں کی مدد سے دشمنی میں شدت پرانحصار کرتی ہے اور منتقل کیے جانے والے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی مقدار میں اضافہ کررہی ہے۔اس میں کہا گیا کہ بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے یوکرین کے اناج کی برآمد اور روس سے کھاد اور خوراک کی بند برآمدات کودوبارہ بحال کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں صدورنے توانائی کے بارے میں بھی بات چیت کی۔کریملن نے کہاکہ ان کی ترجیحات میں توانائی کے شعبے میں تعاون شامل ہے،اس میں روس سے قدرتی گیس کی ترسیل اورترکی میں ایک علاقائی گیس مرکز کا قیام بھی شامل ہے۔انھوں نے ترکی اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو معمول پرلانے پر بھی گفتگو کی ۔