سیاحت کا فروغ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی روابط کو مزید مستحکم کریگا، سر دار مسعود خان

0
205

واشنگٹن ڈی سی(این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر سر دار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کا فروغ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،نیویارک میں منعقدہ ٹریول اینڈ ایڈونچر شو 2024کے دوران پاکستان پویلین کی کامیابی، پاکستان کے قدرتی حسن، ثقافت اور تاریخ کی کامیاب نمائش نے بین الاقوامی برادری کو متاثر کیا ہے جنہوں نے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور سیاحت میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے،اس سے نہ صرف سیاحت کی صنعت بلکہ ملک کا بہتر امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ سفیر مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان راجہ ناصر علی خان مقپون سے سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کے دوران کیا۔سفیر پاکستان نے وزیر منصوبہ بندی کو ایک کامیاب شو کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی جو ملکی سیاحت کی استعداد کو مزید اجاگر کرے گا۔ راجہ ناصر خان نے ملکی سیاحتی صلاحیت کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر کامیابی سے اجاگر کرنے کے حوالے سے نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔پاکستان کی سیاحت میں امریکی شہریوں کی دلچسپی پر بات کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آنے والے غیر ملکیوں سیاحوں میں امریکی شہری دوسرے نمبر پر ہے جو گلگت بلتستان میں مختلف قسم کی سیاحت بشمول ماحولیاتی سیاحت، ایڈونچر ٹورازم اور دیگر کے لیے آتے ہیں۔انہوں نے سفیر پاکستان کو انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور سیاحوں کی سہولت کاری کیلئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک پیداواری انسانی سرمائے میں تبدیل کرنے کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں بھی سفیر پاکستان کو آگاہ کیا۔اس ضمن میں وزیرمنصوبہ بندی نے بتایا کہ جی بی حکومت نوجوانوں کیلئے آئی ٹی پارکس، انکیوبیشن سینٹرز کے قیام ، ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اور موسم سرما میں ہونے والے کھیلوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ لڑکیوں کی تعلیم اور انہیں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر بھی یکساں توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 52 آئس ہاکی ٹیموں میں سے 12 ٹیمیں خواتین کی ہیں ۔وزیر منصوبہ بندی جی بی نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت یو ایس ایڈ اور روپانی فائونڈیشن کے تعاون سے رواں سال مئی میں انویسٹ ان پاکستان کانفرنس -2 کا انعقاد کریگی تاکہ سرمایہ کاروں بالخصوص پاک امریکی کمیونٹی کو سیاحت، مہمان نوازی، ٹیک سیکٹر ، معدنیات، قابل تجدید توانائی، صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا سکے۔