ڈسکہ واقعے کی شفاف تحقیقات الیکشن کمیشن کیلئے چیلنج ہے،احسن اقبال

0
286

اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت میں نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس کیس کی سماعت وکلا کی ہڑتال کے باعث بنا کسی کارروائی کے 10مارچ تک ملتوی کردی گئی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماسابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈسکہ واقعے کی شفاف تحقیقات الیکشن کمیشن کیلئے چیلنج ہے،پنجاب میں الیکشن چرانے کی کوشش کی گئی،مہنگائی اور بے روزگاری کی لہر کو نا روکا گیا تو ملک میں سیکورٹی کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال و دیگر کے خلاف نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس پر سماعت کی۔ عدالت نے وکلا کی ہڑتال کے باعث کیس کی سماعت بنا کسی کارروائی کے 10مارچ تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کا مقصد کردار کشی کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ اپنے دور میں تاریخی پانچ سو ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا،ملکی ترقی بھی ملکی دفاع کی طرح ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ضمنی انتخابات چرانے کی کوشش کی گئی، ڈسکہ واقعے کی شفاف تحقیقات الیکشن کمیشن کے لیے چیلنج ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مہنگائی اور بے روزگاری کو کم نا کیا گیا تو سیکورٹی کے میدان میں حاصل کی جانے والی کامیابیاں ختم ہوسکتی ہیں۔