پاکستان کی جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے کریک ڈاؤن کی مذمت

0
180

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی قابض افواج کے کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ بنائے،عالمی برادری اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر تنازعہ کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر میں جعلی سرچ آپریشنز میں معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ گزشتہ دو ماہ میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں 35 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ سری نگر میں 24 نومبر کو ایک جعلی مقابلے میں مزید تین کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہاکہ بھارتی قابض افواج کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں، پاکستان نے ستمبر میں ڈوزیئر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کیے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ بنائے، ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بگڑتی ہوئی صورتحال خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ترجمان دفتر خارج نے کہاکہ عالمی برادری اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر تنازعہ کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔