چیئر مین سینٹ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

0
453

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزا بی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور اہم امور، کرونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتحال، علاقائی و عالمی صورتحال، ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کی بنیاد مشترکہ روایات، مذہبی اقدار اور سماجی مماثلتوں پر ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی ترقی کی خاطر رابطوں کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان میں تجارتی اوراقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائد ہ اٹھا سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اور دیگر اہم فورمز پر مثالی تعاون پایا جاتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کرونا وبا کے دوران خیال رکھنے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کی حکومت کی جانب سے کرونا وبا پر قابو پانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث مشکلات پیدا ہوئیں لیکن حکومتی اقدامات لائق تحسین ہیں۔