شہباز شریف ترک صدر کی دعوت پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، پر تپاک استقبال

0
111

استنبول (این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف ترک صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔استنبول انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر استنبول کے نائب گورنر محمود حرسانلی اولو ، اعلی ترک سول و عسکری حکام، پاکستانی سفارتخانے اور کونصلیٹ کے سفارتکار نے وزیر اعظم کا استقبال کیا ۔اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر ایردوان استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے چار ملجم (MILGEM)کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز پی این ایسخیبر کا افتتاح کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون پر مبنی MILGEM منصوبہ پاکستانـترکی اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،اس سے قبل پاک بحریہ کے لیے پہلے کارویٹ پی این ایس بابر کی لانچنگ تقریب اگست 2021 میں استنبول میں منعقد ہوئی جبکہ دوسرے جہاز پی این ایس بدر کا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں رکھا گیا۔بعد ازاں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔اس موقع پر وزیراعظم ترکیہ کی تاجر برادری کے وفد اور ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک (ETDB) کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔